کمزور دل افراد ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نہ دیکھیں

فوٹو: فائل

فلمی شائقین کو پاکستانی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا انتظار کئی سالوں سے ہے اور حال ہی میں جب فلمساز کی جانب سے یہ خوشخبری سنائی گئی کہ فلم عید الفطر کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی تو اس اعلان کے بعد مداح مزید بے چین ہوگئے ہیں۔

جیسا کہ ہم سب جانتے ہی ہیں کہ پاکستان میں بہت ہی کم ایسی فلمیں بنی ہیں جس میں تھرل اور خون خرابے کا عنصر زیادہ نظر آیا ہو جب کہ اگر کسی فلم میں ایکشن، تھرل اور خون خرابا شامل بھی ہو تب بھی فلم ساز کی جانب سے اس حوالے سے کوئی خاص ہدایت جاری نہیں کی جاتی۔

فوٹو: فائل

لیکن اب ہدایت کار بلال لاشاری نے فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا بے چینی سے انتظار کرنے والے مداحوں کو متنبے بھی کیا ہے۔

پاکستانی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے ہدایت کار بلال لاشاری نے شائقین فلم کو خبردار کیا ہے کہ اس فلم میں کچھ پُرتشدد مناظر اور خون ریزی کو ہر کوئی برداشت نہیں کرسکتا۔

فوٹو: فائل

بلال لاشاری نے والدین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سنیما گھروں میں ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ دیکھنے کے لیے بچوں کو اپنے ساتھ ہر گز نہ لائیں جب کہ انہوں نے کمزور دل افراد کو بھی خبردار کیا ہے۔

ہدایت کار کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ والدین کو گرافک کی نوعیت کی وجہ سے فلم کے کچھ مناظر بچوں کے لیے غیر موزوں لگیں گے اس لیے والدین کو سختی سے ہدایت کرتا ہوں کہ وہ بچوں کو سنیما نہ لائیں جب کہ یہ فلم کمزور دل افراد کے لیے بھی موزوں نہیں۔

خیال رہے کہ جیو فلمز کے تحت ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ عید الفطر کے موقع پر ملک کے تمام سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

فلم کے ہدایت کار بلال لاشاری ہیں جب کہ اداکاروں میں فواد خان، حمزہ عباسی، ماہرہ خان، حمیمہ ملک اور گوہر رشید جیسے بڑے نام شامل ہیں ۔

ان کے علاوہ فارس شفیع ، شفقت چیمہ اور نئیر اعجاز نے بھی فلم میں اہم کردار ادا کیے ہیں۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ بجٹ کے لحاظ سے پاکستانی تاریخ کی سب سے بڑی فلم ہے جو کہ انسائیکلومیڈیا اور لاشاری فلمز کے بینر تلے تیار کی گٗئی ہے ۔

مزید خبریں :