پاکستان
Time 28 فروری ، 2020

سندھ بھر کے تعلیمی ادارے 2 مارچ سے کھل جائیں گے: صوبائی وزیر تعلیم

تعلیمی اداروں میں احتیاطی تدابیر کے بینر آویزاں کئے جائیں گے: سعید غنی۔ فوٹو: فائل 

سندھ کے وزیر تعلیم و محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبے میں تمام تعلیمی ادارے 2 مارچ بروز پیر سے کھل جائیں گے۔

کراچی میں ایک شخص میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد حکومت سندھ نے صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے 27 اور 28 فروری کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم گزشتہ روز صوبائی حکومت کی جانب سے ایک اور نوٹیفکیشن جاری ہوا جس میں بتایا گیا تھا کہ اب تمام تعلیمی ادارے 2 مارچ بروز پیر تک بند رہیں گے۔

لیکن اب اطلاعات ہیں کہ صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 2 مارچ بروز پیر سے کھل جائیں گے۔

وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت اعلیٰ افسران کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری یونیورسٹریز، سیکرٹری کالجز، سیکرٹری اسکولز، سیکرٹری محنت، ڈی جی پرائیویٹ اسکولز، ایڈیشنل سیکرٹریز سمیت ضلعی تعلیمی افسران بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں تمام تعلیمی ادارے پیر دو مارچ سے کھل جائیں گے، تمام تعلیمی اداروں میں احتیاطی تدابیر کے بینر آویزاں کیے جائیں گے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ اسکولز دو روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ مشاورت سے کیا گیا تھا، اسکول کے بچوں کو ہاتھ دھونے اور صاف صفائی سے متعلق آگاہی دی جائے گی، تمام ہیڈ ماسٹرز اور پرنسپلز ضلعی ہیلتھ افسران سے رابطے میں رہیں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی میں ایران سے آنے والوں کی تعداد 600 اور سندھ کے دیگر اضلاع میں 1400 ہے، ایران سے آنے والے تمام افراد کا ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ طالب علم کے اہلخانہ اور 14 دوستوں کے بھی ٹیسٹ کروا لیے گئے ہیں، سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبروں کو بلا تصدیق آگے نہ پھیلایا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی طالب علم سے شکایت پر فوری ضلعی ہیلتھ انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے، طالب علم کو نزلہ، زکام کی شکایت پر اسے رخصت دے کر علاج کرایا جائے گا۔

مزید خبریں :