پاکستان
Time 28 فروری ، 2020

ایس پی عمر کوٹ ضمنی الیکشن میں مداخلت کر رہا ہے: آئی جی سندھ کا الیکشن کمیشن کو خط

آئی جی سندھ نے اختیارات سے تجاوز کیا ہے لہذا آئی جی سندھ کے خلاف انکوائری کرائی جائے: سندھ حکومت۔ فوٹو: فائل

انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس کلیم امام نے عمر کوٹ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) پر ضمنی الیکشن میں مداخلت کا الزام عائد کیا ہے۔

آئی جی سندھ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پی ایس 52 میں ضمنی الیکشن سے قبل ایس پی عمر کوٹ کو تبدیل کیا جائے کیونکہ ایس پی عمر کوٹ الیکشن میں مداخلت کر رہا ہے۔

یاد رہے پی ایس 52 عمرکوٹ کی نشست پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ 17مارچ کو ہو گی، یہ نشسٹ پیپلز پارٹی کے رہنما علی مردان شاہ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

سندھ حکومت نے بھی آئی جی کے الزامات پر الیکشن کمیشن کو جواب بھجوا دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئی جی سندھ کے عمر کوٹ کے انتخابات میں مداخلت کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

حکومت سندھ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئی جی سندھ نے اختیارات سے تجاوز کیا ہے لہذا آئی جی سندھ کے خلاف انکوائری کرائی جائے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جنوری میں بھی آئی جی سندھ کلیم امام نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ایس پی عمر کوٹ اعجاز شیخ کے خلاف انکوائری کی سفارش کی تھی۔

مزید خبریں :