پاکستان
Time 29 فروری ، 2020

’ٹرمپ امن معاہدہ ختم بھی کر سکتے ہیں‘

اگر ٹرمپ جیت گئے تو افغان امن کے نعرے پر ہی جیتیں گے: مشاہد حسین سید۔ فوٹو: فائل

ماہر افغان امور رحیم اللہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ طالبان کے ساتھ افغان امن معاہدہ ختم بھی کر سکتے ہیں۔

امریکا طالبان معاہدے پر بین الاقوامی امور کے ماہر سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے لیے آج تاریخی لمحہ ہے، افغانستان میں امن سے پورے خطے کا فائدہ ہو گا۔

مشاہد حسین سید کا کہنا ہے اس معاہدے میں امریکا کا کردار کلیدی ہے، امریکا میں صدارتی انتخابات قریب ہیں اور ٹرمپ جانتے ہیں کہ یہ معاہد ان کے الیکشن کا ایشو ہے، اگر ٹرمپ جیت گئے تو افغان امن کے نعرے پر ہی جیتیں گے۔

ان کا کہنا ہے امید ہے کہ امریکا طالبان معاہدہ پائیدارثابت ہو گا، امریکا طالبان معاہدے کا کریڈٹ صدر ٹرمپ کو جاتا ہے، جان ایف کینیڈی کے بعد ٹرمپ پہلے صدر ہیں جو امریکی اسٹیبلشمنٹ کا حصہ نہیں ہیں۔

امریکا اور طالبان کے درمیان معاہدے کی صورت میں افغان مہاجری کی وطن واپسی کے حوالے سے مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ ابھی پاکستان سے افغان مہاجرین کی واپسی کی بات قبل از وقت ہے۔

دوسری طرف ماہر افغان امور رحیم اللہ یوسفزئی کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کو ٹرمپ سے بھی خطرہ ہے، ٹرمپ امریکی حالات کے مطابق معاہدہ ختم بھی کر سکتے ہيں، ان سے کوئی بھی توقع کی جا سکتی ہے۔

 جیو نیوز سے گفتگو میں رحیم اللہ یوسف زئی نے کہا کہ افغانستان کے سیاسی بحران کی وجہ سے بھی اس معاہدے کو آگے بڑھنے میں مشکل ہو سکتی ہے۔

مزید خبریں :