وزیراعظم عمران خان سے او آئی سی کے نمائندہ خصوصی برائے کشمیر کی ملاقات

پاکستانی عوام مسئلہ کشمیرکےحل کے لیے او آئی سی اور مسلم امہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، وزیراعظم،فوٹو:اے پی پی

وزیراعظم عمران خان سے  سیکرٹری جنرل اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے نمائندہ خصوصی برائے کشمیر  یوسف الدوبے نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور  مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ملاقات میں او آئی سی کے وفدکے بروقت دورہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا خیرمقدم کیا اور کشمیری عوام کو غیر متزلزل حمایت فراہم کرنے پر او آئی سی کی تعریف کی۔

 وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 سے 80 لاکھ کشمیری لاک ڈاؤن اور مواصلات کی بندش کی زد میں ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل بنا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری اورپاکستانی عوام مسئلہ کشمیرکےحل کے لیے او آئی سی اور مسلم امہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے او آئی سی وفد کو بھارت میں فاشسٹ ہندوتوا نظریے اور مسلمانوں پر مظالم سے آگاہ کیا اور عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر اور انڈیا میں مسلم کشی کے خلاف کردار اداکرنےکا مطالبہ کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ دلی اور 2002 میں گجرات کے مسلم کش فسادات میں مماثلت ہے، ہندوتوا کی صورتحال یہی رہی توحالات مزید خراب ہوں گے۔

مزید خبریں :