او آئی سی کے خصوصی وفد کا لائن آف کنٹرول کا دورہ

سیکریٹری جنرل اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے خصوصی وفد نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق او آئی سی کے نمائندہ خصوصی برائے کشمیر یوسف الدوبے کی سربراہی میں 6 رکنی وفد نے لائن آف کنٹرول پر چکوٹھی سیکٹر کادورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق او آئی سی کے وفدکو ایل اوسی کی صورتحال اور بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پربریفنگ دی گئی۔

 گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے  او آئی سی کے نمائندہ خصوصی اور وفد نے ملاقات کی  اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی تھی۔

 اس موقع پر وزیر اعظم نے او آئی سی وفد کو بھارت میں فاشسٹ ہندوتوا نظریے اور مسلمانوں پر مظالم سے آگاہ کیا اور عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر اور انڈیا میں مسلم کشی کے خلاف کردار ادا کرنےکا مطالبہ کیا۔

ملاقات سے متعلق وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ او آئی سی کے خصوصی نمائندے کا مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق میں بیان قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوآئی سی کی مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں اور پاکستان کی غیر متزلزل حمایت قابل ستائش ہے، یہ امت مسلمہ کے کشمیریوں کے لیے احساس ہے اور بھارتی انسانیت سوز مظالم کا بھی اعتراف ہے۔

مزید خبریں :