’اسلام آباد آؤں گا تو امانت علی اور سلامت علی پر کھل کربات کریں گے‘

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

دونوں جماعتوں کے سربراہوں کے درمیان ملکی سیاسی اور معاشی حالات پر گفتگو ہوئی۔ 

دوران گفتگو چوہدری شجاعت کا مولانا فضل الرحمان سے کہنا تھا کہ اِس وقت ملک جن مشکلات میں گھرا ہے، اُن سے نجات پانے کے لیے آپ کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔

چوہدری شجاعت نے مولانا سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی تقریروں میں اکثر امانت علی اور سلامت علی کا ذکر کرتے ہیں، اسلام آباد آؤں گا تو امانت علی  اور سلامت علی پر کھل کربات کریں گے، ساتھ ہی اس کا حل بھی نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں قوم نے بھی ایک امانت دی ہے، یہ وقت ملک میں نئے کٹے کھولنے کا نہیں لہٰذا عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے سب کو مل کر کوشش کرنا ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اسلام آباد دھرنے کے دوران چوہدری شجاعت اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں کیں تھی۔ 

اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے متعدد ٹی وی انٹرویوز میں کہا تھا کہ وہ اسلام آباد سے خالی ہاتھ واپس نہیں آئے انہیں یقین دہانیاں کرائی گئی ہیں۔

مزید خبریں :