ایک ارب سے زائد اینڈرائیڈ ڈایوائسز پر ہیکنگ کا خطرہ منڈلانے لگا

تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں اینڈرائیڈ استعمال کرنے والے ہر 5 میں سے 2 صارفین کو سیکورٹی اپ ڈیٹس نہیں مل رہے۔ فوٹو: فائل

ایک حالیہ تحقیق کے مطابق دنیا بھر  میں ایک ارب سے زائد اینڈرائیڈ ڈایوائسز کو ہیکنگ کے خدشات لاحق ہیں کیونکہ انہیں سیکیورٹی اپ ڈیٹس کے ذریعے تحفط فراہم نہیں کیا گیا۔

مختلف پراڈکس اور سروسز کا ریویو دینے والی برطانوی کمپنی وچ کی حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے دنیا بھر میں اینڈرائیڈ استعمال کرنے والوں کو ڈیٹا چوری، تاوان کے مطالبات اور سسٹمز کو نقصان پہنچانے يا غير فعال کرنے کے لیے بنائے گئے سافٹ ويئر حملوں جیسے سیکیورٹی خطرات لاحق ہیں۔

محققین نے خبردار کیا ہے کہ 2012 اور اس سے پہلے جاری ہونے والے اینڈرائیڈ فون استعمال کرنے والوں کو زیادہ خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

گوگل کے اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں اینڈرائیڈ استعمال کرنے والے 42.1 فیصد صارفین کی جانب سے استعمال کیے جانے والے فونز 6.0 یا اس سے بھی پرانے ورژن کے آپریٹنگ سسٹم پر چل رہے ہیں جب کہ اینڈرائیڈ سیکیورٹی بلیٹن کے مطابق 2019 میں 7.0 سے پرانے ورژن کے لیے کوئی سیکیورٹی پیچز جاری نہیں کیے گئے۔

وچ کی جانب سے کی گئی تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں اینڈرائیڈ استعمال کرنے والے ہر 5 میں سے 2 صارفین کو سیکورٹی اپ ڈیٹس نہیں مل رہے۔

وچ نے اینڈرائیڈ کے پرانے ورژن استعمال کرنے والے صارفین کو خبردار کرنے کے ساتھ نصیحت کی ہے کہ وہ اپنے فون میں کچھ بھی ڈاؤن لوڈ کرنے میں احتیاط کریں، اپنے فون کے ڈیٹا کا بیک کپ بنا لیں جب کہ اپنے فون میں اینٹی وائرس بھی ڈاؤن لوڈ رکھیں۔

مزید خبریں :