بغیر اسکرین والا انوکھا موبائل فون

فوٹو: بشکریہ پرو پاکستانی 

اسمارٹ فونز اور میسیجنگ کو ناپسند کرنے والی ایک خلائی انجینئر نے بغیر اسکرین والا انوکھا موبائل فون ایجاد کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 34 سالہ خلائی انجینئر جسٹن ہؤپٹ کو اسمارٹ فونز اور اس جیسی دیگر ڈیوائسس بالکل نہیں پسند، اسی لیے انہوں نے پرانے فونز سے مشابہت رکھنے والا ایک ایسا وائرلیس فون بنایا جس میں اسکرین نہیں ہے۔

34 سالہ خلائی انجینئر کو یہ فون بنانے میں 3 سال کا عرصہ لگا جو کہ دکھنے میں پرانے فون کی طرح ہے اور اس میں ایک اینٹینا بھی لگا ہوا ہے۔

جسٹن ہؤپٹ نے فون کا کیس تھری ڈی پرنٹر کا استعمال کر کے بنایا ہے اور اس میں انہوں نے اسپیڈ ڈائل بٹن کو بھی شامل کیا ہے تا کہ وہ اس سے آسانی سے اپنے شوہر اور والدہ کو فون کرسکیں۔

فوٹو: بشکریہ پرو پاکستانی 

جسٹن ہؤپٹ ابھی بھی اس فون کے ڈیزائن کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوششیں کر رہی ہیں۔

یہ فون 4 انچ کا ہے جسے سم کارڈ لگا کر استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس فون کی بیٹری ایک مرتبہ چارج کرنے کے بعد 24 سے 30 گھنٹے تک چل سکتی ہے۔

جسٹن کے اس فون کو خوب مقبولیت ملی جس کے بعد انہوں نے صارفین کے لیے ایک ایسی کٹ تیار کی ہے جس سے کوئی بھی شخص اپنا فون خود بنا سکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ ابتدائی طور پر اس فون کو فروخت کے لیے پیش نہیں کر سکتیں لیکن لوگوں کی جانب سے متعدد ای میلز آنے کے بعد انہوں ایک کٹ تیار کی جس سے کوئی بھی اپنا فون تیار کرسکتا ہے، کٹ متعارف کرانے کے بعد انہیں ایک ہفتے میں 30 سے زائد آرڈرز موصول ہوئے۔

خلائی انجینئر جسٹن اس فون کو بنانے والی کٹ کو 170 ڈالرز میں آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے فروخت کر رہی ہیں۔ 

مزید خبریں :