دنیا
Time 11 مارچ ، 2020

کورونا وائرس: ہارورڈ سمیت کئی امریکی یونیورسٹیوں میں کلاسیں معطل

فائل فوٹو

امریکا میں تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس کے باعث کالجز اور یونیورسٹیوں میں کلاسیں ختم کرکے تعلیمی سرگرمیوں کو آن لائن کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں وائرس کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے تحت ملک بھر میں کئی کالجز اور یونیورسٹیوں میں طلبہ کی کلاسوں میں حاضری فی الحال ختم کرکے کورسز کو آن لائن کردیا گیا ہے۔

کلاسیں ختم کرنے اور آن لائن کورس شفٹنگ کا فیصلہ امریکا کی وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاستوں میں کیاگیا ہے جن میں ریاست کیلی فورنیا، نیویارک اور واشنگٹن شامل ہیں۔

امریکا کی کیمبرج میں ہارورڈ یونیورسٹی اور میساچیوسٹس نے آئندہ ہفتے سے طلبہ کو کیمپس میں نہ آنے کی ہدایت کی ہے اور 23 مارچ سے آن لائن کلاسز کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

اس کے علاوہ کولمبیا یونیورسٹی، پرنسٹن، اسٹین فورڈ، اوہائیو اسٹیٹ، جنوبی کیلی فورنیا اور یونیورسٹی آف واشنگٹن کی جانب سے بھی سماجی رابطے کم کرنے کے لیے کچھ اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔

پرنسٹن اور نیو جرسی یونیورسٹی نے تمام لیکچرز، کورس اور سیمینارز کو آئندہ ہفتے سے آن لائن کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب امریکا بھر میں متعدد اسکولز اور عبادت گاہیں بھی بند کردی گئی ہیں جب کہ کانفرنسز، کھیلوں کے مقابلے اور کنسرٹس کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔

امریکا میں اب تک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 800 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ سرکاری اعدادو شمار میں 28 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھیں کورونا وائرس سے ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں جب  کہ 4 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :