ڈرامے کی شادی حقیقی شادی میں تبدیل

فوٹو: بشکریہ انسٹاگرام 

معروف اداکار جوڑی سجل علی اور احد رضا میر نے ابوظہبی میں سادگی سے نکاح کرلیا ہے۔

’ساحد‘ کے فینز کا انتظار ختم ہوگیا کیونکہ ڈراموں کی شادی اب حقیقی شادی میں تبدیل ہوگئی ہے اور دونوں نے ابو ظہبی میں سادگی سے نکاح کیا ہے۔

ڈرامہ سیریل ’یقین کا سفر‘ اور ’یہ دل میرا‘ کی پسندیدہ ترین جوڑی سجل اور احد نے حقیقی زندگی میں بھی ایک دوسرے کا ہاتھ تھام لیا ہے۔

فوٹو: بشکریہ انسٹاگرام 

سوشل میڈیا پر احد اور سجل کے نکاح کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہیں جس میں احد رضا میر کو کریم رنگ کی سادہ شیروانی اور سفید چوڑی دار پاجامے میں دیکھا گیا ہے۔

اداکار جوڑی کی نکاح کی تقریب کا انعقاد ابو ظہبی میں ہوا جہاں ان کے چند قریبی رشتہ داروں  اور  دوستوں نے شرکت کی ہے۔

دونوں کی جانب سے شادی کی تاریخ کا بھی اعلان نہیں کیا گیا تھا اور آج اداکار جوڑی نے اچانک خاموشی سے سادگی سے نکاح کیا ہے۔


۔۔۔۔۔۔۔اسکرین گریب

دوسری جانب نکاح کے فوراً بعد ہی اداکارہ سجل علی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نام تبدیل کرتے ہوئے ’سجل احد میر‘ رکھ دیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔اسکرین گریب

سوشل میڈیا پر سجل اور احد کی جانب سے نکاح کی کوئی تصویر شیئر نہیں کی گئی ہے جب کہ ان کے چاہنے والے سجل کو عروسی لباس میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔

ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ ’ساحد کی شادی‘ ٹاپ ٹرینڈ پر ہے اور ان کے چاہنے والوں کی جانب سے سجل اور احد کو ان کی آنے والی زندگی کے لیے دعائیں اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔

فوٹو: بشکریہ انسٹاگرام 

خیال رہے کہ چند روز قبل سجل اور احد کی  رسم حنا ادا کی گئی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تھیں۔ 

واضح رہے کہ 6 جون 2019 کو اداکار آصف رضا میر کے صاحبزادے احد رضا میر نے اداکارہ سجل علی کے ساتھ منگنی کی تھی۔

مزید خبریں :