’اللہ نہ کرے ہمارے ڈرامے دوبارہ سنیما گھروں میں لگیں‘

فوٹو: فائل

پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ میں یہ نہیں چاہوں گا کہ ہمارے ڈرامے سنیما گھروں میں لگیں۔

فلم ’نامعلوم افراد‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار فہد مصطفیٰ نے حال ہی میں یوٹیوب کے ایک ویب شو پر انٹرویو دیا جہاں انہوں نے کہا کہ ڈراموں اور فلموں کا کوئی موازنہ نہیں ہے۔

فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ مجھے بہت دکھ ہوتا ہے، اللہ نہ کرے کہ ہمارے ملک میں وہ حالات آئیں کہ ہمارے ڈرامے دوبارہ سنیما میں لگیں، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے پاس سینما کے لیے کچھ نہیں ہے اس لیے ہم ڈرامے سینما گھروں میں لگا رہے ہیں۔

فہد مصطفیٰ نے مزید کہا کہ ایسا کر کے ہم ایک قدم پیچھے جا رہے ہیں، آپ یہ نہ سمجھیں کے ڈرامے سینما گھروں میں لگا کر ہم ایک قدم آگے بڑھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں خود ڈرامے بناتا ہوں لیکن میں کبھی ایسا نہیں چاہوں گا، ہم نے جو 6، 7 سال اعتماد بنایا ہے اس طرح کرنے سے وہ ختم ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ اداکار نے حال ہی میں اپنی آنے والی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی شوٹنگ مکمل کی ہے اور اس فلم میں فہد کے مد مقابل ماہرہ خان ہیروئن کا کردار نبھا رہی ہیں۔

مزید خبریں :