دنیا
Time 15 مارچ ، 2020

مقبوضہ کشمیر: قابض بھارتی فوج نے 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا

شہید ہونے والے 4 نوجوانوں کی شناخت طارق، مظفر، عمر اور سجاد کے نام سے ہوئی ہے،فوٹو:فائل

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی 4 نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا  گیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے ضلع اسلام آباد کے علاقے وتریگام کا محاصرہ کیا اور اس دوران پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لی۔

رپورٹ کے مطابق محاصرے کے دوران بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ ایک کشمیری کے گھر کو مسمار بھی کیا۔

شہید ہونے والے 4  نوجوانوں کی شناخت طارق، مظفر، عمر اور سجاد کے نام سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب بھارت کی خصوصی عدالت ٹاڈا نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک اور دیگر افراد پر 30 سال قبل درج کیے گئے ایک جھوٹے مقدمے میں فرد جرم عائد کردی۔

اس دوران عدالت نے  حریت پسند رہنمااور ان کے ساتھیوں کو آزادانہ طریقے سے مقدمے کا دفاع کرنے کا موقع بھی فراہم نہیں کیا۔

ادھر بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ 7 ماہ سے جاری کرفیو کا سلسلہ جاری ہے۔

'لاک ڈاؤن کشمیریوں کے لیے نئی بات نہیں'

کشمیری عوام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن کی صورتحال ہے جب کہ کشمیریوں کے لیے یہ بالکل بھی نیا نہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر میں ایک صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے ایک کشمیری شہری کا کہنا تھا کہ مودی وائرس کورونا وائرس سے بھی زیادہ خطرناک ہے، دنیا کو کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا احساس کرنا چاہیئے اور ان کے درد کو سمجھنا چاہیے۔

مزید خبریں :