چین سے واپسی پر صدر، وزیرخارجہ اور وزیر پلاننگ کے کورونا ٹیسٹ کلئیر قرار

چین کے دورے کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر  کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جو منفی آئے ہیں۔

گزشتہ دنوں صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی 2 روزہ دورے پر چین پہنچے تھے جہاں وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

صدر مملکت نے چینی ہم منصب سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں تھی جبکہ یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب چین کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ہے۔

دفترخارجہ کے مطابق چین کے دورے کے دوران صدر مملکت اور وفد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے تھے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں جبکہ وفد کے دیگر اراکان کے بھی ٹیسٹ کلیئر قرار دیے گئے ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق چین نے باضابطہ طور پر وزارت خارجہ پاکستان کو مطلع کر دیا ہے۔

وزیر خارجہ کا 5 روز کے لیے آئسولیشن میں رہنے کا اعلان

دوسری جانب دورہ چین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین جانے کا مقصد مشکل وقت میں اپنے دوست ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا تھا، اس مشکل صورت حال میں ہمارے صدر کا دورہ چین دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے چین جانے سے پہلے اپنا ٹیسٹ کرایا تھا اور میں نے ذاتی طور پر فیصلہ کیا ہے کہ خود کو 5 روز کے لیے آئسولیشن میں رکھوں گا اور 5 روز بعد پھر ایک ٹیسٹ کراؤں گا جس کے نتائج سامنے آنے کے بعد میڈیا سے بات کروں گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا کا مرکز ووہان کو سمجھا جا رہا تھا لیکن وہاں کل صرف ایک کیس رپورٹ ہوا جو بہت ہی حیران کن بات ہے۔

مزید خبریں :