پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار 9 روز میں چھٹی مرتبہ معطل

کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس 286 پوائنٹس کمی سے 30 ہزار 129 کی سطح پر بند ہوا،فوٹو:فائل

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی مندی رہی  اور کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس 286 پوائنٹس کمی سے 30 ہزار 129 کی سطح  پر بند ہوا۔

کورونا وائرس اور اس کے نتیجے میں تیل کی قیمتیں کم ہونے اور دنیا بھر میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج بھی مندی کا شکار ہے۔

چار روز میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ  16.4فیصد گری ہے اور 100 انڈیکس میں 5 ہزار 931 پوائنٹس کی کمی ہوچکی ہے۔

آج کاروباری ہفتے کے چوتھے روز  پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی دیکھی گئی اور ایک بار پھرکاروبار روک دیاگیا ، گزشتہ 9 دنوں میں مندی کے سبب اسٹاک مارکیٹ 6 مرتبہ بند ہوچکی ہے۔

شیئرز بازار میں 45 منٹ کے تعطل کے بعد کاروبار شروع ہوا، کاروباری دن میں انڈیکس کی کم ترین سطح 28 ہزار 452 رہی۔

کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 286 پوائنٹس کمی سے 30 ہزار 129 پر بند ہوا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے آج مزید 80 کیسز سامنے آ گئے ہیں جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 384 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس پاکستان سمیت دنیا کے 170 سے زائد ملکوں تک چکا ہے اور اب تک 9 ہزار سے زائد لوگ اس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں بھی گزشتہ روز دو افراد کی کورونا وائرس سے 2 افراد ہلاکت کی تصدیق ہوئی۔