دنیا
Time 20 مارچ ، 2020

بھارت: نربھیا زیادتی کیس کے چاروں ملزمان کو پھانسی دے دی گئی

فوٹو: بشکریہ بھارتی میڈیا

نئی دہلی: بھارت میں تہلکہ مچانے والے نربھیا زیادتی کیس کے ملزمان کو 7 سال بعد پھانسی دے دی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمان اکشے ٹھاکر، وینے شرما، پون گپتا اور مکیش سنگھ کو ٹرائل کورٹ نے 2013 میں پھانسی کی سزا سنائی تھی جہیں بلآخر طویل مدت کے بعد نئی دہلی میں پھانسی دی گئی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کا بتانا ہےکہ بھارت میں 2015 کے بعد یہ کسی بھی کیس میں ملزمان کو پھانسی دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمان کو صبح ساڑھے پانچ بجے پھانسی دی گئی اور اس موقع پر نئی دہلی میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے جب کہ تہاڑ جیل کو پوری طرح لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پھانسی سے چند گھنٹے قبل ملزمان کے وکیل نے نئی دہلی کی ہائیکورٹ میں ایک اپیل بھی دائر کی جس میں کورونا وائرس کی وجہ سے تمام دستاویزات جلدی میں جمع کرانے کا حوالہ دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی سے قبل ملزمان کو الگ سیل میں رکھ دیا گیا تھا جہاں انہوں کھانا کھانے اور آخری خواہش بتانے سے بھی انکار کردیا۔

ملزمان کی پھانسی کے بعد زیادتی کا نشانہ بننے والی طالبہ کی والدہ کا کہنا تھا کہ ہم نے اس دن کے لیے طویل انتظار کیا، آج بھارت کی بیٹیوں کے لیے ایک نئی صبح طلوع ہوئی ہے، اب ہم اپنے گھر میں نربھیا کی تصویر آویزاں کریں گے۔

واضح رہے کہ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں میڈیکل کی 23 سالہ طالبہ سے اجتماعی زیادتی کا یہ واقعہ 2012 میں پیش آیا تھا جس میں ملزمان نے لڑکی سے چلتی بس میں زیادتی کی تھی اور پھر لڑکی کو قتل کردیا تھا جب کہ واقعہ کے بعد بھارت میں شدید احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے۔

مزید خبریں :