پرویز الٰہی کے کہنے پر 'حکومت پنجاب کورونا ایمرجنسی فنڈ' کے قیام کا فیصلہ

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کے کہنے پر پنجاب میں 'حکومت پنجاب کورونا ایمرجنسی فنڈ' کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

لاہور میں چوہدری پرویزالٰہی نے  وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی اور کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں پنجاب کو اس موذی وبا سے بڑا خطرہ ہے، احتیاطی تدابیرسے اس پرقابو پایا جاسکتا ہے۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے عوام میں بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر  چوہدری پرویزالٰہی کے کہنے پر 'حکومت پنجاب کورونا ایمرجنسی فنڈ' کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، فنڈ میں پنجاب اسمبلی کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر تمام ارکان اسمبلی اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے گریڈ 16 سے 22 کے افسر اپنی ایک ایک ماہ کی تنخواہ جمع کرائیں گے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور  پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے بھی رابطہ کیا اور کورونا وائرس کے خلاف مل کر کام کرنے پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ،اس وقت سیاست نہیں متحد ہو کر کورونا سے لڑنے کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے اور محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹے میں مزید8 کیسز سامنے آنےکے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 104 ہوگئی ہے۔

ملک بھر میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 632 ہوگئی ہے جب کہ اب تک ملک میں کورونا وائرس سے 3 افراد ہلاک جب کہ 5صحت یاب ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :