دنیا
Time 21 مارچ ، 2020

بھارت میں کورونا سے 4 ہلاکتیں، 22 مار چ کو ’جنتا کرفیو‘ کا اعلان

جنتا کرفیو 22 مارچ کو صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک ہوگا جس دوران تمام شہری گھروں میں رہیں گے: بھارتی وزیر ارظم کا اعلان— فوٹو: فائل 

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے 22 مارچ کو ’جنتا کرفیو‘ کا اعلان کیا ہے۔

چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا کورونا وائرس دنیا کے 180 ممالک میں پھیل چکا ہے اور اب تک 11 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

یورپی ملک اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں 4 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ اس کے بعد چین، ایران، اسپین اور فرانس میں ہلاکتیں بڑھ رہی ہیں۔

ہمسایہ ملک بھارت میں کورونا وائرس سے اب تک 4 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

بھارت میں 4 ہلاکتیں کرناٹک، دہلی، مہاراشٹرا اور پنجاب میں ہوئی ہیں جبکہ بھارتی وزرات صحت کی جانب سے بھی 318 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی 21 ریاستوں اور وفاق کے زیر انتظام علاقوں میں کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں کئی غیرملکی افراد بھی شامل ہیں جبکہ اب تک 23 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

جنتا کرفیو کا اعلان

دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے ویڈیو کانفرنس سے خطاب میں عوامی کرفیو (جنتا کرفیو) کا اعلان کیا اور شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔

جنتا کرفیو 22 مارچ کو صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک ہوگا جس دوران تمام شہری گھروں میں رہیں گے۔

بھارتی وزیراعظم کے اعلان کے بعد فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات سمیت دیگر نے بھی جنتا کرفیو کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور عوام سے بھی کرفیو کی پاسداری کرنے کی اپیل کی ہے۔

اُدھر بھارتی وزیراعظم کے اعلان کے بعد بھارتی وزارت ریلوے نے بھی کرفیو کے دوران ٹرینیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے باعث ملک میں کوئی ٹرین ٹریک پر نہیں ہوگی۔

اس کے علاوہ بھارتی ائیرلائنز نے بھی فلائٹ آپریشن بند کرنے کی ٹھانی ہے جس کے باعث کئی فلائٹس منسوخ کردی گئی ہیں۔

متنازع شہریت کے قانون کیخلاف احتجاج مؤخر 

کورونا وائرس کے باعث دہلی میں جاری متنازع شہریت کے قانون کے خلاف جاری احتجاج بھی روک دیا گیا ہے۔

جامعہ ملیہ دہلی کے طلبہ کی جانب سے احتجاج کو  عارضی طور پرمؤخر کیا گیا ہے۔

بھارت میں کورونا وائرس کے حوالے سے اقدامات

اُدھر بھارت میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 111 لیب بنائی گئی ہیں جن میں کورونا کی تشخیص کی جارہی ہے۔

کئی ریاستوں میں تعلیمی ادارے، شاپنگ مالز اور پارکس بند کردیے گئے جبکہ  سیاحتی مقام گوا میں بھی دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

بھارتی گلوکارہ میں بھی کورونا کی تشخیص

— فوٹو: فائل 

بالی وڈ کی مشہور گلوکارہ کانیکا کپور میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد انہیں اور ان کی فیملی کو قرنطینہ میں رکھ دیا گیا ہے۔ 

گلوکارہ حال ہی میں برطانیہ سے لوٹی ہیں جنہوں نے آئسولیشن میں رہنے کے بجائے لکھنؤ کے تاج ہوٹل میں ایک پارٹی میں بھی شرکت کی تھی۔ 

اترپردیش کی پولیس نے غفلت برتنے پر گلوکارہ کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ گلوکارہ نے کئی مشہور گیت گائے ہیں جن میں سب سے زیادہ مشہور ’بے بی ڈول‘ ہے۔

مزید خبریں :