کورونا وائرس: لاک ڈاؤن کے پیش نظر سندھ بھر میں رینجرز کی اضافی نفری تعینات

عوام سے اپیل ہے کہ حکومت کی جانب سے مفاد عامہ میں دیے گئے احکامات پر بھرپور طریقے سے عمل پیرا ہوں، سندھ رینجرز،فوٹو:فائل

وزیراعلیٰ سندھ مراد کی جانب سے صوبے میں لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں رینجرز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق لاک ڈاؤن کے پیش نظر کراچی سمیت صوبے بھر سندھ رینجرز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

سندھ رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں تاکہ کورونا جیسے وبائی مرض کو شکست دی جاسکے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے محافظ رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے آپ کے اور آپ کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کو شاں ہیں لہٰذا عوام سے اپیل ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے مفاد عامہ میں دیے گئے احکامات پر بھرپور طریقے سے عمل پیرا ہوں۔

خیال رہے کہ سندھ حکو مت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے تحت شہریوں کے میل جول کو کم کرنے کے لیے آج رات 12 بجے سے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں، علمائے کرام اور دیگر حکام سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں شاپنگ مالز، تعلیمی ادارے اور دیگر مارکیٹس پہلی ہی بند ہیں تاہم اب دفاتر بھی بند ہوں گے۔

یہ کرفیو نہیں 'کیئر فار یو ' ہے: وزیراعلٰی سندھ

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اب عوام کو محتاط ہوکر گھروں میں بیٹھنا ہے، یہ کرفیو نہیں (کیئر فار یو) ہے اور اس دوران لوگوں کوبلا ضرورت گھرسے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، اگر کسی کام سے نکلیں تو شناختی کارڈ ساتھ رکھیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کی صورت میں اسپتال جانا ہو تو گاڑی میں صرف 3 لوگوں کو جانے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت منہگائی اورذخیرہ اندوزی کو روکے گی اور کوشش کی جائے گی کہ تمام بنیادی ضروریات بلاتعطل فراہم کی جائیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے 714 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے سب سے زیادہ کیسز سندھ میں ہیں جن کی تعداد 333 ہے۔

مزید خبریں :