دنیا
Time 24 مارچ ، 2020

سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر عمر عبداللہ 8 ماہ بعد رہا

مقبوضہ کشمیر میں 8 ماہ سے زیرحراست نیشنل کانفرنس کے رہنما و سابق وزیراعلیٰ عمرعبداللہ کو رہا کردیا گیا۔

بھارتی غاصب فوج نے  مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت ختم کرنے سے قبل ہی 5 اگست کو فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی سمیت پوری قیادت کو گرفتار کرلیا تھا۔

گزشتہ دنوں مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ کو رہا کیا گیا تھا تاہم اب ان کے صاحبزادے عمر عبداللہ کو بھی بھارتی فوج نے رہا کردیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عمر عبداللہ 8 ماہ سے زیرحراست تھے جنہیں  صحت کے مسائل بھی تھے۔

بھارتی فوج کی جانب سے رہائی کے بعد عمر عبداللہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے  والدین کے ساتھ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ 8 ماہ بعد والدین کے ساتھ کھانا کھا رہے ہیں۔ 

تصویر میں دیکھا  جاسکتا ہے کہ عمر عبداللہ کی داڑھی بھی پوری طرح بڑھی ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت 5 اگست 2019 کو ختم کردی تھی جس کے بعد سے مقبوضہ وادی میں مکمل لاک ڈاؤن ہے جبکہ  وادی میں کورونا وائرس کے کئی کیسز بھی سامنے آئے ہیں   جس کے باعث  کشمیریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :