'سعودی وزارت حج نے ٹرانسپورٹ، ہوٹل کا حتمی معاہدہ مؤخر کرنے کا مشورہ دیا ہے'

سوشل میڈیا پر حکومت کی جانب سے حج انتظامات روکنے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں،امید ہے حج کے ایام تک صورت حال بہتر ہو جائے گی، وزیر مذہبی امور— فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے حج انتظامات روکنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کردی۔

حج انتظامات سےمتعلق وضاحتی بیان میں وزیر مذہبی امور نے کہا کہ سوشل میڈیا پر حکومت کی جانب سے حج انتظامات روکنے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حج انتظامات معمول کے مطابق جاری ہیں، ہم سعودی وزارت حج و عمرہ سے مسلسل رابطےمیں ہیں،سعودی عرب نے حج انتظامات روکنے سے متعلق کوئی حکم جاری نہیں کیا۔

پیرنورالحق قادری نے بتایا کہ سعودی حکام ایسے اعلان سے پہلے بڑے مسلم ممالک سے مشاورت کریں گے، سعودی وزارت حج نے ٹرانسپورٹ، ہوٹل، بلڈنگ کا حتمی معاہدہ فی الحال مؤخر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال حج نہ ہونے کی بات قبل از وقت ہے، امید ہے حج کے ایام تک صورت حال بہتر ہو جائے گی۔

خیال رہے کہ دنیا بھر کی طرح سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور آج وہاں پہلی موت بھی ہوئی ہے۔

سعودی وزارت صحت نے ملک میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مدینہ منورہ میں کورونا وائرس کا شکار 51 سال کا افغان شہری انتقال کرگیا ہے۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب میں مزید 205 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 767 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :