کھیل
Time 25 مارچ ، 2020

بنگلادیش کرکٹ ٹیم بھی کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں شامل

—فوٹو فائل

بنگلا دیش کرکٹ ٹیم نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے اپنی ماہانہ تنخواہ کا نصف حصہ عطیہ کردیا۔

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑی  اپنی ماہانہ تنخواہ کا آدھا حصہ حکومت کے ساتھ کورونا وائرس کے فنڈ میں شامل کر رہے ہیں تاکہ اس عالمی وبا کا مل کر مقابلہ کیا جاسکے۔

اس حوالے سے تمام بنگلادیش کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر ایک بیان بھی جاری کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس وقت پوری دنیا عالمی وبا سے لڑ رہی ہے، یہ وبا بنگلادیش میں بھی تیزی سے پھیلتی جارہی ہے جس کے باعث ہم تمام کھلاڑی سوشل میڈیا سے کوشش کر رہے ہیں کہ اس سے بچاؤ کے لیے ضروری اقدامات کی آگاہی دے سکیں۔

بیان میں  مزید کہا گیا ہےکہ آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ہمارا یہ بھی ماننا ہے کہ صرف اتنا ہی کافی نہیں اس لیے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے ما تحت ہم 27 کھلاڑی اپنی تنخواہ کا آدھا حصہ اس کار خیر میں دے رہے ہیں۔

کھلاڑیوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ رقم تقریباً 27 لاکھ تک بنے گی جو کہ ممکن ہو اس لڑائی کے لیے کافی نہ ہو لیکن اگر ہم سب مل کر اپنا اپنا حصہ شامل کریں گے تو اس سے مقابلہ کرنے میں آسانی ہوگی۔

بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ اگر ہم دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے ذمہ داریاں سنبھال کر اور پورے دل سے شراکت کرنے کی کوشش کریں، تو ہم کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیت سکتے ہیں۔

آخر میں کھلاڑیوں نے عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے وبا کے جلد ختم ہونے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس دنیا کے 197 ممالک تک پھیل گیا جس کی لپیٹ میں اب تک 4 لاکھ 22 ہزار افراد آچکے ہیں جب کہ لاک افراد کی تعداد 18 ہزار 892 ہو گئی ہے۔

بنگلادیش میں بھی اس وائرس سے اب تک 5 مریض لقمہ اجل بن گئے جب کہ متاثرین کی تعداد 39 ہے۔ 

مزید خبریں :