افغانستان میں 800، ترکی میں 40 پاکستانیوں کے پھنسے ہونے کا انکشاف

ایک ڈرائیور نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ایک مہینہ پہلے تجارتی سامان اور تیل لے کرافغانستان آئے، جس کے بعد باب دوستی بند ہو گیا— فوٹو: فائل

افغانستان کے سرحدی شہر اسپن بولدک میں 800 سے زائد پاکستانی پھنسے ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایک ڈرائیور نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ایک مہینہ پہلے تجارتی سامان اور تیل لے کرافغانستان آئے، جس کے بعد باب دوستی بند ہو گیا۔

ڈرائیور نے بتایا کہ اب 400 سے زائد خالی کنٹینرز، ٹرک اور آئل ٹینکر ویرانے میں کھڑے ہیں، ڈرائیورز کے پاس پیسے ختم ہوگئے ہیں اور وہ کھلے آسمان تلے پڑے ہیں، افغان حکومت بھی کوئی مدد نہیں کررہی۔

ترکی میں بھی 40 پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں

کو رونا وائرس کےباعث فلائٹ آپریشن بند ہونے سے خواتین اوربچوں سمیت 40 پاکستانی ترکی میں پھنس کر رہ گئےہیں ، ان پاکستانیوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ انہیں واپس لانے کے خصوصی انتظامات کیے جائیں ۔

ترکی میں پھنسے پاکستانیوں نے اپنے ویڈیو پیغا م میں کہا کہ وہ لوگ 15 مارچ کوترکی پہنچے تھے اور 21 مارچ کو انہیں استنبول سے واپس کراچی پہنچنا تھا لیکن ائیرپورٹ حکام نے بتایا کہ فلائٹ منسوخ ہو چکی ہے ،ایئرلائن نے نئے ٹکٹ جاری کیے ہیں مگر فلائٹ کنفرم نہیں ہو رہی ، بے یار مددگار پڑئے ہیں ، حکومت واپس لانے کے خصوصی انتظامات کرے۔

خیال رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر 21 مارچ کو 8 بجے شب سے 4اپریل تک بین الاقوامی فضائی آپریشن بھی معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس کے بعد حکومت نے سندھ میں 23 مارچ سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور سکھر ہوائی اڈے پر ڈومیسٹک پروازیں بھی معطل کردی تھیں تاہم اب ملک بھر میں ڈومیسٹک پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 8 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ ملک بھر میں کیسز کی تعداد 1062 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :