حکو مت کا معاشی پیکج ناکافی اور نامکمل ہے: شہباز شریف

ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈکس ہمارے فرنٹ لائن سولجرز ہیں،شہباز شریف،فوٹو:فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے لاک ڈاؤن کے دوران حکو مت کا معاشی پیکج ناکافی اور نامکمل قرار دے دیا۔

اپنے ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کا معاشی پیکج ناکافی اور نامکمل ہے اس میں اپوزیشن کی جامع تجاویز کو بھی شامل کیا جائے۔

شہباز شریف نے لاک ڈاؤن کے دوران خوراک اور ادویات کی فراہمی کا پلان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے ملک بھر میں خوراک اور ادویہ کی فراہمی شروع کی جائے اور شہری گھروں سے آرڈر لکھوائیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بیت المال، بےنظیرانکم سپورٹ اور دیگرسبسڈیز سے خوراک اوراشیائے ضروریہ سستی کی جائیں۔

انہوں نے ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملےکو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان فرنٹ لائن سولجرز کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈکس اور صحت کے میدان میں کام کرنے والے ہمارے بیٹے اور بیٹیاں ہمارے فرنٹ لائن سولجرز ہیں، وہ اپنے خاندان کو چھوڑ کر دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں، پوری قوم ان کی جرات اور حوصلے کو سلام کرتی ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل 15 روپے فی لیٹر سستا کرنے کے ساتھ مزدوروں کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

معاشی پیکج کے تحت  مشکلات کا شکار خاندان کو 3 ہزار روپے ماہانہ دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔


مزید خبریں :