روپے کی قدر میں 3 فیصد تک کمی تشویش ناک ہے، شہباز شریف

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے روپے کی قدر میں 3 فیصد تک کمی پر اظہار تشویش کیا ہے۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کو شرح سود کم سے کم 9 فیصد تک کم کرنا چاہیے،حکومت اور اسٹیٹ بنک معیشت سنبھالنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کے گلے میں معاشی پھندا ڈال رہی ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں سست ہیں تاہم ڈالر کی قیمت میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔

جمعے کو کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹر بینک مبادلہ مارکیٹ میں کاروبار کے دوران ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا لیکن پھر نیچے آگیا تھا۔

انٹر بینک میں جمعے کے روز ملک میں ڈالر کی خریداری کا رجحان رہا۔ کاروباری دن میں ایک موقع پر ڈالر کی قدر 4 روپے اضافے سے 169 روپے تک پہنچ گئی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر کم ہوکر 165 روپے 54 پیسے پر بند ہوئی۔

مزید خبریں :