دنیا
Time 30 مارچ ، 2020

ٹرمپ نے ہیری اور میگھن کے سیکیورٹی اخراجات سے ہاتھ اٹھالیے

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ برطانوی شاہی خاندان چھوڑنے والے ہیری کو امریکا میں اپنی سیکیورٹی کا خرچہ خود برداشت کرنا ہوگا۔

گزشتہ دنوں برطانوی شاہی خاندان کے اہم فرد شہزادہ ہیری نے شاہی خاندان چھوڑتے ہوئے خودمختار زندگی گزارنے کا اعلان کیا تھا۔

شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کے بعد وہ اہلیہ میگھن مارکل اور بیٹے کے ساتھ کینیڈا منتقل ہوگئے تھے۔

کینیڈا میں رہائش کے دوران بھی ہیری اور ان کی اہلیہ کو برطانوی اور کینیڈین حکام کی جانب سے سیکیورٹی دینے پر تنقید کا سامنا رہا ہے۔

تاہم اب خبریں ہیں کہ یہ جوڑا کینیڈا سے امریکی ریاست کیلیفورنیا منتقل ہوگیا ہے۔

اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ میں برطانیہ اور اس کی ملکہ الزبتھ کا مداح ہوں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اطلاع  ملی ہےکہ ہیری اور میگھن مارکل نے برطانیہ چھوڑتے ہوئے کینیڈا میں مستقل طور پر رہنے کا فیصلہ کیا تھا، اب وہ کینیڈا سے امریکا منتقل ہوگئے ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ہیری اور میگھن مارکل کی سیکیورٹی کے اخراجات برداشت نہیں کرے گا بلکہ انہیں اپنی سیکیورٹی کا خرچہ خودبرداشت کرناہوگا۔

خیال رہے کہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کینیڈا سے امریکا کے شہر لاس اینجیس منتقل ہوگئے ہیں، ان کی اہلیہ میگھن مارکل شروع ہی سے لاس اینجلس میں رہی ہیں۔

ہیری کا ٹرمپ کی ٹوئٹ پر ردعمل

امریکی صدر کے ٹوئٹ کے جواب میں ہیری نے بھی رعمل کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان کے ذریعے جاری بیان میں ہیری کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت سے اپنی سیکیورٹی کے اقدامات کا کہنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے بلکہ ذاتی فنڈز سے سیکیورٹی کے انتظامات کرلیے ہیں۔

خیال رہے کہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو اب مکمل طور پر شاہی خاندان سے علیحدہ کردیا گیا ہے اور اب وہ برطانوی شاہی خاندان کا حصہ نہیں ہیں۔

مزید خبریں :