دنیا
Time 01 اپریل ، 2020

امریکی ارکان کانگریس کا ایران پر عائد پابندیاں معطل کرنے کا مطالبہ

امریکی کانگریس کے 32 ارکان نے ایران پر عائد پابندیاں معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹس کی جانب سے صدارتی نمائندگی کے امیدوار اور معروف سینیٹر برنی سینڈرز سمیت دیگر ارکان کی طرف سے امریکی وزیر خارجہ اور وزیر خزانہ کو خط لکھا گیا ہے۔

کانگریس کے ارکان نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سخت پابندیاں ایران میں کورونا وائرس کی پھیلی ہوئی وبا سے نمٹنے کی کوششوں میں رکاوٹ ہیں اس لیے یہ پابندیاں ہٹائی جائیں۔

ارکانِ کانگریس نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ایران سے امریکا کا تنازع کورونا کی وبا سے پریشان معصوم لوگوں کی مدد میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت ایرانی عوام کی براہ راست مدد کا حل نکالے تاکہ ایرانی عوام کورونا وائرس کا مقابلہ کرسکیں۔

اس سے قبل پاکستانی وزیراعظم عمران خان اوراقوام متحدہ کی جانب سے بھی ایران پر پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کیا جاچکا ہے۔

گذشتہ دنوں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں لاکھوں لوگوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ، پابندیوں میں نرمی کی سہولت دی جانی چاہیے یا انھیں معطل کردیا جاناچاہیے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں ایران ساتویں نمبر پر ہے۔

ایران میں متاثرہ افراد کی تعداد 47 ہزار اور ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ غیر ملکی ذرائع ابلاغ نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ متاثرہ افراد اور ہلاکتوں کی اصل تعداد اس سے زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔

مزید خبریں :