پاکستان
Time 02 اپریل ، 2020

لاک ڈاؤن کے باعث کوئلےکی کانوں کےہزاروں مزدور پھنس گئے، شوکت یوسف زئی

ٹرانسپورٹ پابندی کی وجہ سےمزدور آبائی علاقوں کو نہیں جاسکتے،شوکت یوسف زئی،فوٹو:فائل

خیبر پختونخوا کے وزیر محنت شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں کوئلے کی کانوں کے ہزاروں مزدور  پھنس کر رہ گئے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے وزیر محنت شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ  حیدرآباد، کوئٹہ، درہ آدم خیل کی کوئلہ کانوں میں مزدورپھنسے ہوئےہیں، مزدوروں کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع شانگہ اور دیگر علاقوں سے ہے، ٹرانسپورٹ پر پابندی کی وجہ سے مزدور آبائی علاقوں کو نہیں جاسکتے۔

ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے  سندھ ، بلوچستان  اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کو خط بھی لکھے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کو بھی  اس سلسلے میں پیغام بھیجا ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ کوئلے کی کانوں کے مالکان اور منیجر چھٹیوں پر جاچکے ہیں، اب ان مزدوروں کے پاس کھانا ہے اور نہ ہی ادویات کا انتظام ہے، بیشتر مزدور بیمار بھی ہوگئے ہیں۔

شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ  مزدوروں کو راشن کی سپلائی، ادویات کی فراہمی اور انہیں گھروں کی واپسی یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں،  اگر بروقت اقدام نہ ہوا تو یہ ایک بڑا انسانی المیہ ہو جائے گا۔

مزید خبریں :