دنیا
Time 04 اپریل ، 2020

لاک ڈاؤن پر روبوٹ کے ذریعے عملدرآمد، باہر نکلنے پر شناخت کرانا ہوگی

فوٹو: بشکریہ بی بی سی

تیونس میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کے دوران پہرے داری کی ذمہ داری روبوٹس کو سونپ دی گئی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق تیونس کے دارالحکومت میں لاک ڈاؤن کے دوران پولیس نے سڑکوں پر روبوٹ چھوڑ دیے ہیں جو عوام کی نقل و حرکت پر نظر رکھیں گے۔

لاک ڈاؤن کے دوران اگر کوئی شہری سڑک پر نظر آئے گا تو روبوٹ اس کی طرف بڑھیں گے اور اس سے باہر آنے کی وجہ پوچھی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق روبوٹ کی جانب سے وجہ پوچھے جانے پر شہری کو لازمی طور پر اپنا آئی ڈی کارڈ اور دیگر دستاویزات روبوٹ پر لگے کیمرے کی طرف دکھانا ہوں گی جو روبوٹ کو کنٹرول کرنے والا پولیس افسر چیک کرے گا۔

دارالحکومت میں روبوٹ کی تعیناتی کا فیصلہ وزارت داخلہ کی جانب سے کیا گیا ہے اور انہیں پی جی گارڈ کا نام دیا گیا ہے تاہم شہر میں کتنی تعداد میں روبوٹ چھوڑے گئے ہیں اس کی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔

پولیس کے یہ روبوٹ چار پہیوں پر چلنے والی گاڑیاں ہیں جو تھرمل ایمیجنگ کیمرے اور لائٹ ڈیٹیکشن سے لیس ہیں جو کسی ریڈار کی طرح کام کرتی ہیں۔

واضح رہےکہ تیونس میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد تقریباً 500 ہے جب کہ وائرس سے 18 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

مزید خبریں :