کھیل
Time 04 اپریل ، 2020

مالی حالت دوسرے بورڈز سے بہت بہتر ہے، کھلاڑیوں کی تنخواہ نہیں کاٹ رہے، بنگلادیش

امید ہے کہ ایسے اقدامات کی ضرورت نہیں پڑے گی، نظام الدین چوہدری ،فوٹو:فائل

بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی)کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری کا کہنا ہے بنگلادیشی بورڈ کی مالی حالت دوسرے بورڈز کے مقابلے میں بہت بہتر ہے،کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں کٹوتی کے بارے میں نہیں سوچ رہے۔

دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کے اثرات کی وجہ سے تمام شعبوں کی طرح کھیلوں کے شعبے کو بھی کئی معاشی مسائل کا سامنا ہے۔

برطانوی فٹ بال لیگ انگلش پریمیئر لیگ میں کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں کٹوتی ہورہی ہے جب کہ انگلش کرکٹ بورڈ  بھی اپنے کھلاڑیوں سمیت تمام اسٹاف کی تنخواہوں میں کٹوتی کا سوچ رہا ہے۔

 تاہم بنگلا دیش کرکٹ بورڈ  کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور اسٹاف کی تنخواہوں میں کمی کے بارے ابھی نہیں سوچا،انہیں امید ہے کہ ایسے اقدامات کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

نظام الدین کا کہناہے کہ  حالات کنٹرول ہونےکے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے  فی الحال دوسرے بورڈز کے مقابلے میں بنگلادیشی بورڈ بہتر پوزیشن میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا نے جون اور نیوزی لینڈ نے اگست میں ہمارے ساتھ دو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنا ہے تاہم موجودہ صورتحال میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کی سیریز کھیلے جانے کا امکان نہیں ہے۔

مزید خبریں :