پاکستان
Time 04 اپریل ، 2020

کمشنر کراچی نے شہرمیں بیکریاں کھلی رکھنے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا

گذشتہ روز کمشنر کراچی کی جانب سے شہر میں بیکریاں کھولنے کا اجازت نامہ جاری کیا گیا تھا،فوٹو:فائل

کمشنر کراچی نے شہر میں بیکریاں کھلی رکھنے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے اور اب تمام بیکریاں بھی 14 اپریل تک بند رہیں گی۔

خیال رہے کہ سندھ بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبے میں 23 مارچ سے لاک ڈاؤن ہے جس کے تحت کھانے پینے کے تمام مراکز اور ہوٹل 14 اپریل تک بند ہیں۔

اس دوران پرچون اور سبزی کی دکانوں اور میڈیکل اسٹورز کو صبح 8 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت ہے تاہم اسپتالوں کے قریب واقع میڈیکل اسٹورز 5 بجے کے بعد بھی کھولے جاسکتے  ہیں۔

گذشتہ روز کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی جانب سے شہر میں بیکریاں کھولنے کا اجازت نامہ جاری کیا گیا تھا جس میں بیکری  کو بھی پرچون کی دکان کی طرح صبح 8 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔

تاہم آج کمشنر آفس کی جانب سے نیا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس کے تحت پرانا نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے  تمام بیکریوں کو 14 اپریل تک بند رکھنے کا حکم  دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 27 سو سے تجاوز ہوچکی ہے جن میں سے 41 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 839 ہوچکی ہے جن میں سے 380 افراد کا تعلق کراچی سے ہے  جب کہ صوبے میں ہلاک ہونے والے 14 افراد میں سے 12 کا تعلق بھی کراچی سے ہے۔

مزید خبریں :