پاکستان
Time 06 اپریل ، 2020

لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کرانے پر پولیس سے بدتمیزی کرنے والا شہری گرفتار

محمود آباد کے علاقے اعظم بستی میں پولیس اہلکار شام 5 بجے دکانیں بند کرانے پہنچے تو شہری سے تلخ کلامی ہوگئی— فوٹو: فائل 

کراچی میں شہریوں کے ہاتھوں پولیس اہلکاروں کی تذلیل پر ایک روز بعد واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

کراچی میں لاک ڈاؤن کے دوران پولیس اور عوام کے درمیان تلخ کلامی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور ایسا ہی ایک واقعہ محمود آباد میں پیش آیا۔

محمود آباد کے علاقے اعظم بستی میں پولیس اہلکار شام 5 بجے دکانیں بند کرانے پہنچے تو شہری سے تلخ کلامی ہوگئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی۔

وائرل ویڈیو میں شہری کو پولیس اہلکار کو دھمکیاں دیتے دیکھا جاسکتا ہے۔

پولیس نے واقعے کے ایک روز بعد مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور ویڈیو میں نظر آنے والے دیگر افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ حکومت نے نماز جمعہ کے اجتماع کو محدود اور دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔

ایسے میں کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پابندی کے باوجود نماز جمعہ کا اجتماع منعقد کرنے پر پولیس کارروائی کے لیے پہنچی تو امام مسجد کے اُکسانے پر لوگوں نے پولیس پر حملہ کردیا تھا۔

مشتعل شہریوں کی بڑی تعداد نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :