دنیا
Time 07 اپریل ، 2020

امریکا میں کورونا کے ہزاروں نئے کیسز کی تصدیق، اٹلی اور اسپین میں کمی

 امریکا میں کووڈ -19 کے نتیجے میں 1 لاکھ سے 2 لاکھ 40 ہزار کے درمیان ہلاکتیں ہوسکتی ہیں: طبی ماہرین—فوٹو فائل

امریکا سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے تاہم اس وائرس سے شدید متاثر یورپی ممالک اسپین اور اٹلی میں گزشتہ تین دن سے ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی جا رہی ہے ۔ 

 جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران امریکا میں کووِڈ-19 یعنی کورونا وائرس کے 25 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے اور مجموعی تعداد 3 لاکھ 67 ہزار629 ہوگئی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 10ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا میں کووڈ -19 سے ایک لاکھ سے 2 لاکھ 40 ہزار کے درمیان ہلاکتیں ہوسکتی ہیں کیونکہ کورونا سے سانس کی بیماری بھی لاحق ہوتی ہے جو گھر بیٹھے بھی ہوسکتی ہے۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا خطہ یورپ ہے جہاں اسپین اور اٹلی سب سے ہلاکتیں سامنے آئی ہیں مگر  وہاں  گزشتہ تین روز سے نئے کیسز کی شرح میں کمی دیکھی جارہی ہے۔ 

اسپین میں اب تک ایک لاکھ 36 ہزار 675 افراد اس وائرس سے متاثر اور 13 ہزار 341 ہلاک ہو چکے ہیں۔

اٹلی میں بھی کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں اور نئے کیسز کی شرح میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

اٹلی میں اب تک وائرس کے باعث 16ہزار 523 افراد ہلاک جب کہ ایک لاکھ 32 ہزار متاثر ہو چکے ہیں۔

مہلک کورونا وائرس سے برطانیہ بھی شدید متاثر ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ متاثرین کی تعداد 51 ہزار سے زائد ہے۔ 

کورونا وائرس میں مبتلا برطانوی وزیراعظم بورس جونسن بدستور بیمار ہیں اور انہیں گزشتہ روز طبیعت بگڑنے پر انتہائی نگہداشت یعنی آئی سی یو منتقل کر دیا گیا۔

جاپان میں ایمرجنسی کا اعلان

جاپان میں اگرچہ کیسز کی تعداد دیگر ممالکی نسبت کم ہے مگر وہاں حکومت نے دارالحکومت ٹوکیو سمیت پانچ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ 

جاپان میں اب تک ساڑھے تین  ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق کی جاچکی ہے جب کہ 85 جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

جاپانی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے کیسز دیگر ممالک سے کم ہیں لیکن بڑھنے کے خدشے کے باعث احیتاطی طور پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اس دوران حکام کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ اسکولز، عوامی مقامات اور مارکیٹوں وغیرہ پر پابندی عائد کرسکتے ہیں تاکہ کورونا کا پھیلاؤ روکا جاسکے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے مرکز چین میں صورتحال مسلسل بہتر ہو رہی ہے اور معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں اور روزانہ کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی جارہی ہے۔

چین میں آج کورونا وائرس کے 32  نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس کے باعث 13 لاکھ47ہزار سے زائد لوگ متاثر ہو چکے ہیں جس میں سے2 لاکھ 86 ہزار 95 افراد صحت یاب  ہوچکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد  74 ہزار 767 ہے۔

مزید خبریں :