پاکستان
Time 07 اپریل ، 2020

سندھ میں 10 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کر لیے: مراد علی شاہ

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں اب تک کورونا وائرس کے ساڑھے 10 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جن میں سے 986 مریضوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

 ایک ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاکٹروں اور پیرامیڈکس کو حفاظتی سازوسامان فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ طبی عملہ کورونا کے خلاف لڑائی میں فرنٹ لائن فائیٹرز ہے، ان کو ضروری لباس دینا ہماری ذمہ داری ہے۔۔

 انہوں نے بتایا کہ سندھ میں کل تک 9 ہزار 585 ٹیسٹ کیے گئے تھے جب کہ آج مزید 634 ٹیسٹ کے بعد  کُل ٹیسٹ کی تعداد 10ہزار 219 ہے۔

 وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں آج مزید 54 کورنا کے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 986 ہوگئی ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک اور مریض کے انتقال کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 18 ہے۔

انہوں نے بتایا کہ  آج مزید 16 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحتیاب افراد کی تعداد 309 ہوگئی ہے۔

وزیراعلی سندھ کے مطابق 396 مریض اپنے گھروں میں آئیسولیشن میں ہیں اور 206 کورونا کے مریض سرکاری اور نجی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریضوں کے لیے ہم آئیسولیشن سینٹرز، سی سی یو، آئی سی یو کی تعداد بڑھا رہے ہیں۔

ویڈیو بیان میں وزیراعلی سندھ نے  کراچی میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے فرنٹ لائن ہیرو ڈاکٹر عبدالقادر سومرو کے انتقال پر بھی اہل خانہ اور ڈاکٹر برادری سے اظہار تعزیت کی۔

 انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقادر کا ٹیسٹ 28 مارچ کو مثبت آیا تھا 31 مارچ کو اسپتال داخل ہوئے اور 6 اپریل کو ڈاکٹر عبدالقادر سومرو خالق حقیقی سے جا ملے۔

یاد رہے کہ ملک میں آج کورونا وائرس سے مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 54 ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3864 تک پہنچ گئی۔

مزید خبریں :