پاکستان
Time 07 اپریل ، 2020

پاکستان نےکابل گوردوارے پر حملے میں ملوث ہونے کے بھارتی الزامات مسترد کردیے

بھارتی میڈیا میں یہ منظم رپورٹس پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش ہے،ترجمان دفتر خارجہ ،فوٹو:فائل

پاکستان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں گوردوارے پر حملے میں ملوث ہونے کے بھارتی الزامات کو مسترد کردیا۔

دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی میڈیا کی طرف سے سرکاری سرپرستی میں چلائی جانے والی رپورٹس بے بنیاد ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی کوشش انتہائی گمراہ کن اور قابل مذمت ہے، پاکستان کابل میں گوردوارے پر حملے کی پہلے ہی شدید مذمت کرچکا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام مذہبی مقامات مقدس ہوتے ہیں اور ان کے تقدس کا احترام کیا جانا چاہیے، اس بہیمانہ جرم کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ایک پرعزم جنگ لڑی ہے، پاکستان کوسرحد پار ریاستی دہشت گردی کا بھی سامنا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا کوئی سیاسی اخلاقی اور مذہبی جواز نہیں ہوتا،بھارتی میڈیا میں یہ منظم رپورٹس پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کو اس حملے سے جوڑنے کی مذموم کوشش کررہا ہے لیکن ہمیں یقین ہے کہ بھارتی سازشیں دنیا کو گمراہ نہیں کرسکتیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ 25 تاریخ کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سکھوں کے گوردوارے پر دہشت گردوں نے حملہ کردیاتھا جس کے نتیجے میں 25 عبادت گزار ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔

افغانستان میں موجود شدت پسند تنظیم داعش نے گوردوارے پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

مزید خبریں :