کاروبار
Time 08 اپریل ، 2020

نوشین جاوید امجد نے چیئرپرسن ایف بی آر کے عہدے کا چارج سنبھال لیا

وہ شبر زیدی کے رخصت پر جانے کے بعد سے قائم مقام چیئرپرسن ایف بی آر کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دے رہی تھیں— فوٹو: فائل

وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نوشین جاوید امجد نے فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کی چیئرپرسن کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

وہ شبر زیدی کے رخصت پر جانے کے بعد سے قائم مقام چیئرپرسن ایف بی آر کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دے رہی تھیں۔

6 اپریل کو نوشین جاوید کو شبر زیدی کی جگہ چیئرپرسن ایف بی آر تعینات کیا گیا تھا جس کا نوٹیفیکیشن اب جاری کردیا گیا ہے۔

نوشین جاوید گریڈ 22 کی افسر ہیں جن کا تعلق اِن لینڈ ریونیو سروس سے ہے۔ وہ اس سے قبل قائم مقام چیئرپرسن ایف بی آر کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دے رہی تھیں جب کہ ان کے پاس ممبر ایڈمن ایف بی آر کا چارج بھی تھا جو انہوں نے چھوڑ دیا۔

نوشین جاوید امجد کی تعیناتی کی منظوری گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے دی تھی۔

یکم جنوری 2020 کو شبر زیدی رخصت پر چلے گئے تھے اور ایف بی آر کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ شبر زیدی کی رخصت کا اطلاق 31 جنوری 2020 سے ہوگا۔

اس سے پہلے شبر زیدی 6 سے 19 جنوری کے دوران بھی طبیعت کی ناسازی کے باعث رخصت پر تھے۔

تاہم ان کے رخصت پر جانے کی وجہ ناسازی طبع نہیں بلکہ اقتصادی ٹیم کے اعلیٰ پالیسی سازوں میں کچھ پالیسی سطح پر اختلافات تھے جو رواں سال کے شروعات ہی سے سامنے آنا شروع ہوگئے تھے۔