کاروبار
Time 08 اپریل ، 2020

آئی ایم ایف پاکستان کو آئندہ ہفتے ایک ارب 40 کروڑ ڈالر جاری کرےگا

پاکستان نے کورونا وائرس کے باعث منفی معاشی اثرات کے پیش نظر سستے قرضے کی درخواست کی تھی — فوٹو: فائل

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پاکستان کو  کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے آئندہ ہفتے ایک ارب 40 کروڑ ڈالرز کا اضافی قرضہ دے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق پاکستان نے کورونا وائرس کے باعث منفی معاشی اثرات کے پیش نظر سستے قرضے کی درخواست کی تھی جبکہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے  یہ درخواست ریپڈ فنانسنگ انسٹرومنٹ کے تحت کی ہے۔

 پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ٹریسا ڈبن نے  عرب میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے قرضے کی درخواست موصول ہوئی ہے جس کے بعد پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  آئندہ ہفتے پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے  اور کورونا وائرس کے پیش نظر معیشت پر منفی اثرات سے نمٹے کے لیے قرضہ دیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چند روز قبل وفاقی کابینہ نے  1200 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دی تھی جب کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے بھی پیٹرول کی قیمت 15 روپے فی لیٹر کمی کی تھی۔

واضح رہے کہ 3 جولائی 2019 کو آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالرز کے قرض کی منظوری دی تھی جو تین سال کے دوران وقتاً فوقتاً قسط وار جاری کیے جائیں گے۔

پاکستان کو اب تک آئی ایم ایف سے ایک ارب 44 کروڑ ڈالرز قرضے کی دو قسطیں مل چکی ہیں۔