پاکستان
Time 09 اپریل ، 2020

سندھ حکومت نے راشن کی تقسیم کیلیے اصول و ضوابط جاری کر دیئے

نئے ایس او پی پر عمل درآمد کے لیے محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر کےکمشنرز اور ڈی آئی جیز کو خط بھی لکھ دیا۔ فوٹو: فائل

سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران مستحق افراد میں راشن کی تقسیم سے متعلق نئے اصول و ضوابط جاری کر دیئے۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فلاحی اداروں کی جانب سے راشن تقسیم کرنے کا طریقہ کار وضع کر دیا گیا ہے، راشن تقسیم کرنے والوں کو سب سے پہلے خود کو سندھ حکومت کی موبائل ایپلی کیشن سندھ ریلیف انیشیٹو میں رجسٹرڈ کرانا ہوگا۔

محکمہ داخلہ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ راشن کی تقسیم کے دوران مستحق افراد کی عزت نفس کا مکمل خیال رکھا جائے، مستحقین کو کم سے کم 15 اور زیادہ سے زیادہ 30 دن کا راشن دیا جائے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق راشن میں آٹا، تیل، دالیں، چینی سمیت 17 اشیاء موجود ہونی چاہئیں۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ مستحق افراد میں راشن صبح 4 سے صبح سات بجے تک گھروں پر تقسیم کیا جا سکے گا، راشن کی تقسیم کے دوران رش نہ کیا جائے،  اور امن و امان کی صورتحال بگڑنے پر تقیسم فوری طور پر روک دی جائے۔

اس کے علاوہ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ مستحق افراد کی فہرست متعلقہ حکام اور  پی ڈی ایم اے کو روزانہ کی بنیاد پر دی جائے۔

نئے ایس او پی پر عمل درآمد کے لیے محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر کےکمشنرز اور ڈی آئی جیز کو خط بھی لکھ دیا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو  روکنے کے لیے سندھ میں لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث یومیہ دیہاڑی دار طبقہ اور نادار افراد کھانے پینے کی اشیاء سے محروم ہو گئے ہیں، ایسے میں ان کی مدد کے لیے فلاحی ادارے اور مخیر حضرات راشن مہم کے تحت بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں تاہم بعض مقامات پر ہجوم زیادہ ہونے کی وجہ سے لاک ڈاؤن کا غلط تاثر جا رہا ہے۔

مزید خبریں :