جوکرز نے تنہا بزرگ شہریوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں

فوٹو: بشکریہ ایم ایس این

کورونا وائرس کے پیشِ نظر لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھر میں موجود بچے، نوجوان، بزرگ سب ہی بوریت اور تنہائی کا شکار ہو گئے ہیں۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سماجی دوری اختیار کرنے پر زور دیا جا رہا ہے جب کہ لوگوں کو ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے بھی منع کیا گیا ہے اور خاص طور پر بڑی عمر کے افراد کو گھروں میں رکھنے کی تلقین کی جا رہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی میں جوکرز  کا ایک گروپ جو عام دنوں میں اولڈ ہومز میں موجود ریٹائرڈ ملازمین کو ان کے کمروں میں ہی تفریح فراہم کرتا ہے، نے وائرس کے باعث سماجی دوری برقرار رکھتے ہوئے بزرگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔

جوکرز کے اس گروپ نے بزرگوں کے کمروں کی بالکونیوں کے سامنے کھڑے ہو کر انہیں تفریح فراہم کی اور اپنے اپنے کمرے کی بالکونیوں میں کھڑے بزرگوں کے چہرے ہنسی سے کھلکھلا اٹھے۔

گروپ کا کہنا ہے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان بزرگوں سے ملنے کوئی نہیں آ رہا تھا جب کہ اولڈ ہوم میں موجود بزرگ ایک ساتھ ڈائننگ روم میں بیٹھ کر کھانا بھی نہیں کھا رہے تھے جس کی وجہ سے یہ مزید تنہائی کا شکار ہو گئے تھے۔

جوکرز کا مزید کہنا تھا کہ ہم ان بزرگوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے، یہی وجہ ہے کہ ہم نے سوچا کہ وائرس کے باوجود ایسا کیا کیا جائے جس سے انہیں تفریح مہیا ہو سکے، پھر ہمارے دماغ میں یہ آئیڈیا آیا۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ مریضوں کی تعداد بھی 17 لاکھ سےزیادہ ہو چکی ہے۔

مزید خبریں :