پاکستان
Time 12 اپریل ، 2020

کورونا: پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایسٹر سادگی سے منایاگیا

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار سادگی سے منا یا گیا۔ 

کورونا وبا کے باعث  مسیحی برادری نے ایسٹر کی تمام تر مذہبی تقریبات منسوخ کر دیں اور تہوار سادگی کے ساتھ گھروں میں منایا گیا۔

اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ کے مطابق مسیحی برادری کو ایسٹر کی دعائیہ تقریبات میں آن لائن شرکت کی ہدایت کی گئی تھی اور دفعہ 144 کے باعث کسی کو چرچ جانے کی اجازت نہیں تھی۔

دوسری جانب کوئٹہ میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے گرجا گھروں میں انتہائی محدود پیمانے پر عبادات کا اہتمام کیا گیا جب کہ پادری اور ایک معاون عبادت اور دعا کے لیے چرچ میں موجود رہے۔

وزیراعظم عمران خان کی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارک باد

وزیراعظم عمران خان نے بھی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ 

عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ  مسیحی برادری گھر پر عبادات اورخوشیاں منائیں، خودکو اور خاندان والوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھیں۔

پوپ فرانسس کا ایسٹر خطاب ویڈیو لنک کے ذریعے سناگیا

دوسری جانب ویٹی کن سٹی میں ایسٹر کی تقریب کے موقع پر پاپ فرانسس نے شرکت کی جب کہ کورونا وبا کے پیش نظر تقریب میں عوام کو مدعو نہیں کیاگیا تھا۔

ویٹی کن سٹی میں کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پاپ فرانسس نے سینٹ پیٹرز میں خصوصی سروس سے خطاب کیا اور کہا کہ کورونا وبا سے متاثر دنیا میں جلد دوبارہ خوش حالی آئے گی۔

کیتھولک مسیحیوں کی بڑی تعداد نے پاپ فرانسس کا یہ خطاب ویڈیولنک کے ذریعے دیکھا اور سنا جب کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ویٹی کن سے ایسٹر تقریب کی لائیو اسٹریمنگ کی گئی ہو۔ 

مزید خبریں :