پاکستان
Time 12 اپریل ، 2020

ڈاکٹروں اور طبی عملے کو فوری حفاظتی کٹس کی فراہمی بہت ضروری ہے: شہباز

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ڈاکٹروں اور طبی عملے میں کورونا وائرس کی تشخیص پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ کی فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹرز اور طبی عملہ حفاظتی کٹس نہ ہونے کے باعث مہلک وائرس کا شکار ہوگیا ہے۔

ملتان اور کراچی میں ڈاکٹرز اور دیگر پیرامیڈیکل اسٹاف میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیاگیا ہے اور حکومت کی ذمہ داری اس وقت اپوزیشن ادا کررہی ہے جبکہ پنجاب حکومت اپنی ذمہ داریاں انجام دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے میں کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی شرح پریشان کن ہے اور طبی عملے کے کورونا میں مبتلا ہونے سے حفاظتی کٹس کی فراہمی کے حکومتی دعوے کی حقیقت سامنے آگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کو فوری حفاظتی کٹس کی فراہمی بہت ضروری ہے، حکومت پر مسلسل زور ڈالا ہے کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لیے حفاظتی لباس اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے اب تک 88 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہے۔

مہلک وائرس سے جاں بحق افراد میں ڈاکٹرز بھی شامل ہیں جو موذی مرض کے خلاف جنگ کرتے ہوئے خود شکار بن بیٹھے۔

مزید خبریں :