پاکستان
Time 12 اپریل ، 2020

جنہیں ضرورت نہیں وہ بھی این 95 ماسک پہن رہے ہیں: ڈاکٹر ظفر مرزا

کل قومی رابطہ کمیٹی کااجلاس ہوگا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں،ڈاکٹر ظفر مرزا ،فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ  جنہیں ضرورت نہیں وہ بھی این 95 ماسک پہن رہے ہیں مگر یہ ماسک فرنٹ لائن پر کام کرنے والے طبی عملے کے لیے ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے  ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا وائرس کے معاملے پر اہم اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اطلاعات ملی ہیں کہ کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی لباس اور این 95 ماسک کا غلط استعمال ہورہا ہے اور جنہیں ضرورت نہیں وہ بھی پہن رہے ہیں  حالانکہ یہ صرف فرنٹ لائن پر کام کرنے والے طبی عملےکے لیے ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ ملک بھر میں 24گھنٹوں کےدوران کورونا سے 14 افراد انتقال کر چکے ہیں اور یہ سب افراد وینٹی لیٹررز پر تھے جب کہ ان کے علاوہ وینٹی لیٹرز پر 37افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہزار 185ہوچکی ہے جن میں سے 88 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں 14 اپریل تک لاک ڈاؤن ہے اور امکان ہے کہ کل ہونے والے اجلاس میں لاک ڈاؤن میں اضافے کا فیصلہ کرلیا جائے گا۔

مزید خبریں :