پاکستان
Time 13 اپریل ، 2020

خسرو بختیار کے اقتصادی امور ڈویژن کو وفاقی وزارت کا درجہ دے دیا گیا

گزشتہ دنوں ہی کابینہ میں ردوبدل کرتے ہوئے خسرو بختیار کو اقتصادی امور کا چارج دیا گیا تھا— فوٹو: فائل 

اقتصادی ڈویژن کو وزارت خزانہ سے نکال کر علیحدہ وفاقی وزارت کا درجہ دے دیا گیا۔ 

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اقتصادی امور کو الگ وزارت بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزارت خزانہ سے اقتصادی امور ڈویژن واپس لے لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پہلے وفاقی وزارت خزانہ 3 ڈویژن پرمشتمل تھی جس میں خزانہ، ریونیو اور اقتصادی امور شامل تھے لیکن اب وزارت خزانہ کو 2 الگ وزارتوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اقتصادی امور ڈویژن کو وزارت خزانہ سے الگ کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد اقتصادی امور کو وفاقی وزارت کا درجہ دیے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اب وزارت خزانہ و ریونیو الگ وزارت ہوں گی جبکہ اقتصادی  امور الگ وزارت ہوگی اور خسرو بختیار اب وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور ہوں گے۔

— فوٹو: کیبنٹ ڈویژن 

خیال رہے کہ چینی آٹا بحران کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے خسرو بختیار کو وزارت تحفظ خوراک و تحقیق سے ہٹاکر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور ڈویژن کا قلمدان دیا تھا۔

مزید خبریں :