پاکستان
Time 16 اپریل ، 2020

ماہ رمضان میں اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد پر گہری نظر رکھی جائے: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام کو ہدایت کی ہے کہ ماہ رمضان میں گندم اور دیگر اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد پر گہری نظر رکھی جائے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی سید فخر امام  نے ملاقات کی اور  گندم کی اسمگلنگ کی روک تھام، ٹڈی دل کے خاتمے سے متعلق گفتگو کی جب کہ آئندہ سال معیاری گندم کی پیداوار کے لیے بہتربیج کے استعمال سے متعلق تجاویزپربھی بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت خصوصاً گندم و دیگر اشیائے خوردونوش کی اسمگلنگ کی مؤثر روک تھام کے لیے پرعزم ہے، یہی وجہ ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے تدارک کے لیے آرڈیننس متعارف کرایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آرڈیننس سے ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانون کا اطلاق یقینی بنایا جاسکے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر کو ہدایت کی کہ ماہ رمضان میں گندم اور دیگر اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد پر گہری نظررکھی جائے، ملک کے کسی حصے میں خوراک کی کمی درپیش نہ ہو۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں زرعی شعبے کو نظر انداز کیا گیا، زرعی شعبے میں ٹیکنالوجی اور جدید طریقوں کے فروغ کے لیے چین کےتجربات سے استفادہ کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :