کورونا کی درست معلومات کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں: فیس بک

فیس بک نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متعلق درست معلومات کی فراہمی کے لیے وزارت قومی صحت وخدمات، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور یونیسیف جیسے اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے ۔

فیس بک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے کورونا وائرس کے حالیہ پھیلاؤ سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر ایک کو محفوظ بنانے اور باخبر رکھنے کے لیے 4 پہلوؤں پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔

فیس بک کے مطابق ان کی کوشش ہے کہ ہر شخص کے پاس درست معلومات پہنچے، غلط اور نقصان دہ معلومات کا پھیلاؤ روکا جائے، امدادی کاوشوں اور ماہرین صحت کو تعاون فراہم کیا جائے،اور مقامی حکومتوں، علاقوں اور کاروبار کرنے والوں کو مدد فراہم کی جائے۔

فیس بک کا کہنا ہے کہ وہ چھوٹے و بڑے پیمانے پر پاکستانی حکومت، علاقوں اور کاروباری افراد کے ساتھ کام کررہا ہے تاکہ اس مشکل وقت میں راستہ نکالنے کے لیے انہیں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی طاقت سے لیس کیا جائے۔

فیس بک کے مطابق فیس بک اور انسٹاگرام پر کسی بھی شخص کو اس وائرس سے متعلق معلومات تلاش کرنے پر سرچ کے اولین نتائج میں عالمی ادارہ صحت سمیت صحت کے ادارے، صحت کے شعبے میں کام کرنے والی تنظیموں کی تفصیلات نمایاں ہوں گی۔

فیس بک نے حال ہی میں اپنے پلیٹ فارم پر کورونا وائرس انفارمیشن سینٹر متعارف کرایا جو لوگوں کو وزارت قومی صحت جیسے مستند اداروں سے معلومات کی تلاش کے لیے ایک مرکز کے طور پر کام کرے گا اور اس کے ساتھ ہی وہ صحت کے حوالے سے اپنے گھرانے اور علاقے میں تعاون کے لیے کام کرسکیں گے۔

فیس بک نے اس بات پر حیرانی کا اظہار کیا ہے کہ لوگ کس طرح سے فیس بک کے استعمال سے مقامی آبادی کی مدد کے لیے کام کررہے ہیں اس لیے ان کاوشوں میں اضافے کے لیے فیس بک نے کمیونٹی ہیلپ کا آغاز کیا جہاں لوگوں کو کورونا وائرس سے انتہائی متاثرہ اپنے پڑوسیوں کےلیے مدد ملے گی۔

فیس بک کے مطابق اس کمیونٹی ہیلپ کے ذریعے لوگ اپنے پڑوسیوں کی مدد کے لیے درخواست کرسکتے ہیں اور امدادی کاموں کے لیے فنڈز کا عطیہ بھی کرسکتے ہیں۔

کمیونٹی ہیلپ کی کورونا وائرس انفارمیشن سینٹر یا اس ذریعے (facebook.com/covidsupport) سے رسائی ہے۔

مزید خبریں :