پاکستان
Time 21 اپریل ، 2020

4 وزراء کی مخالفت کے باوجود کورونا کے علاج میں استعمال ہونے والی دوا برآمد کرنے کی منظوری

وفاقی کابینہ نے 4 وفاقی وزراء کی مخالفت کے باوجود کورونا کے علاج میں استعمال ہونے والی ملیریا کی دوا کلوروکوئین کو برآمد کرنے کی منظوری دے دی۔

 وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی صورتحال کے حوالے سے غور کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ کو کلوروکوئین کے اسٹاک، استعمال اور برآمد کرنے پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اس دوران 4 وزراء نے کلوروکوئین کو برآمد کرنے کی مخالفت بھی کی تاہم وفاقی کابینہ نے  ملیریا کی دوا کو برآمد کرنے کی منظوری دے دی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملیریا کی دوا برآمد کرنے کی مخالفت کرنے والے وزراء میں اسد عمر، شیخ رشید، شفقت محمود اور شیریں مزاری شامل ہیں۔

 چاروں وزراء کا مؤقف تھا کہ وافر مقدار ہونے کے باوجود ملیریا کی دوا کم پڑ سکتی ہے تاہم وزارت قومی صحت کا مؤقف تھا کہ یہ دوا خام مال کی صورت میں ضرورت سے زیادہ موجود ہے۔

'سعودی عرب کو 10لاکھ کلوروکوئین کی گولیاں فراہم کی جائینگی'

وزیراعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ سعودی عرب کو 10لاکھ کلوروکوئین کی گولیاں دی جائیں گی اس کے علاوہ دیگر دوست ملکوں ترکی، اٹلی، امریکا، قطر اوردوسرے ملکوں کو بھی کلوروکوئین فراہم کریں گے۔

خیال رہے کہ  مختلف ممالک کے ماہرین نے  ملیریا کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی دوا کلوروکوئین کو کورونا کے مریضوں کے علاج  کے لیے تجویز کیا ہے ۔

تاہم ملیریا کی یہ دوا باضابطہ علاج کے لیے منظور ہوئے بغیر ہی اکثر ملکوں میں کورونا کے ایسے مریضوں کو دی جارہی ہے، جن کی حالت تشویشناک ہے اور بعض جگہ اس کے بہتر نتائج بھی سامنے آئے ہیں۔ 

'وزرات تجارت نے 3 اپریل کو کلوروکوئین کی برآمد پر پابندی لگائی تھی'

یاد رہے کہ وزرات تجارت نے 3 اپریل کو انسدادِ ملیریا کی دوا کی برآمد پر پابندی لگائی تھی  تاکہ ملک میں دوا کی کمی کا مسئلہ نہ ہو ،تاہم پھر 3 دن بعد  ہی یہ نوٹیفکیشن واپس لے لیا تھا۔

ذرائع کے مطابق یہ سب وزارتِ صحت اور وزارتِ تجارت کے درمیان رابطے کے فقدان کے باعث ہوا تھا اور ان دونوں وزارتوں کے قلم دان وزیراعظم کے پاس ہیں۔

ذرائع کے مطابق  اس دوران وزارت صحت کو خیال آیا کہ سمری تو اسے بھجوانی چاہیے اس لیے وزارت تجارت سے کہا گیا  کہ آپ پابندی ہٹا دیں باضابطہ طور پر وزارت صحت خود پابندی کی سمری وزیر اعظم کو بھجوائے گی۔

 وزارت صحت کے کہنے پر  وزارت تجارت نےانسداد ملیریا دوا کی برآمد پر پابندی ہٹائی پھر  وزارت صحت کی سمری پر وزیراعظم نے کلوروکوئین کی برآمد پر پابندی کی منظوری دی۔

مزید خبریں :