ماؤتھ واش کا استعمال کر کے کورونا سے بچا جا سکتا ہے: تحقیق

لاکھوں لوگوں کو ہلاک کرنے والے خطرناک کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سماجی دوری اختیار کرنےاور بار بار صابن سے ہاتھ دھونے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔

وبا سے بچاؤ اور خاتمے کے لیے سائنسدانوں کی جانب سے دن رات تحقیقات کی جا رہی ہیں لیکن تا حال کوئی ایسی چیز ایجاد نہیں ہو سکی ہے جو 100 فیصد تک کورونا وائرس کو ختم کردے۔

اب حال ہی میں کیے جانے والے مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ماؤتھ واش کا استعمال کرکے کورونا وائرس سے کافی حد تک بچا جا سکتا ہے۔

کارڈف یونیورسٹی اینڈ اسکول آف میڈیسن کا حالیہ مطالعہ جسے دی جرنل فنکشن میں شائع کیا گیا ہے، اس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ مستقل مزاجی سے ماؤتھ واش کا استعمال کرکے کورونا وائرس سے بچا جا سکتا ہے۔

اس ضمن میں تحقیق کے بانی اور یونیورسٹی آف کارڈف کے پروفیسر ڈاکٹر اوڈنیل کا کہنا ہے کہ ماؤتھ واش وائرس کی بیرونی سطح کو تباہ کردیتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ماؤتھ واش کا مسلسل استعمال سارس وائرس کے خلاف بھی بے حد کار رآمد ثابت ہوا تھا جب کہ اس کے کوئی مضر اثرات بھی نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت نے رواں سال فروری میں کہا تھا کہ اس حوالے سے کوئی واضح حقائق سامنے نہیں آئے ہیں کہ ماؤتھ واش کورونا وائرس سے بچا سکتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا تھا کہ ماؤتھ واش کا استعمال منہ میں موجود متعدد بیکٹیریا کا خاتمہ کر سکتا ہے ہے لیکن یہ ماؤتھ واش کورونا وائرس کو ختم کردے گا، اس حوالے سے کوئی واضح ثبوت موجود نہیں۔

مزید خبریں :