دنیا
Time 21 مئی ، 2020

برطانیہ: کورونا سے ہلاک طبی اہلکاروں کے اہلخانہ کو غیر معینہ مدت تک قیام کی اجازت

برطانیہ نے کورونا سے ہلاک ہر قسم کے غیر یورپی طبی اہلکاروں کے اہل خانہ کو غیر معینہ مدت کا رہائشی ویزا جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اپریل میں برطانیہ نے کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے طبی عملے کے اہلخانہ کو غیر معینہ مدت تک برطانیہ میں قیام کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم اس اسکیم میں ڈاکٹر، نرس، ریڈیالوجسٹ، لیبارٹری عملہ سمیت دیگر اہلکار شامل تھے اور معاون طبی عملہ جیسے اسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے ذمے دار، سامان وغیر اٹھانے والے اور سماجی بہبود کے اہلکار شامل نہیں تھے۔

اس اعلان کے بعد سے برطانوی حکومت کو شدید تنقید کا سامنا تھا جس کے بعد حکومت نے اپنی اسکیم میں تبدیلی کرتے ہوئے کورونا سے ہلاک تمام طبی اہلکاروں کے اہلخانہ کو یہ سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔

برطانوی سیکرٹری داخلہ پریتی پٹیل کا کہنا ہے کہ کورونا کی وبا میں ہونے والی ہر موت کسی سانحے سے کم نہیں ہے اور اس دوران نیشنل ہیلتھ سروس کے متعدد معاون اہلکاروں نے بھی دوسروں کی جان بچانے کی کوشش میں اپنا حصہ ڈالنے کے دوران اپنی جان قربان کی ہے۔

سیکرٹری داخلہ کا کہنا ہے وہ کورونا سے ہلاک تمام غیر ملکی طبی اہلکاروں کے اہلخانہ کو یقین دلاتی ہیں کہ موجودہ صورت حال میں حکومت ان کے ساتھ ہے۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ڈھائی لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 36 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں 300 سے زائد ڈاکٹرز اور طبی عملہ بھی شامل ہے۔

مزید خبریں :