ائیر پورٹ کے اطراف غیر قانونی تعمیرات کی ذمہ دار' ایس بی سی اے' ہے: گورنر سندھ

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ کراچی ائیر پورٹ کے اطراف عمارتوں کی غیر قانونی تعمیرات کی ذمہ دار سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سول اسپتال کے برنس وارڈ کا دورہ کیا اور طیارہ حادثے میں زخمی 3 گھریلو ملازمین کی عیادت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اِس وقت کسی پر بھی الزام نہیں لگایا جاسکتا، رپورٹ آنے پر بات ہوگی، ائیرپورٹ کے اطراف بلڈنگ کی تعمیرات میں ایس بی سی اے ذمہ دار ہے، یہ تمام عمارتیں غیر قانونی طور پر بنائی جارہی ہیں، وزیراعلٰی سندھ ایکشن لیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر زخمیوں کو 5 ،5 لاکھ روپے دیے جائیں گے، تمام گھر جو اس حادثے میں متاثر ہوئے ان کی مرمت وفاقی حکومت کرے گی اور دیگر املاک کا جو نقصان ہوا ہے وہ بھی پورا کریں گے۔

 سندھ حکومت کا طیارہ حادثے کی تحقیقاتی ٹیم پر اعتراض

دوسری جانب سندھ حکومت نے طیارہ حادثے کی تحقیقاتی ٹیم پراعتراض اٹھادیا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ اس تحقیقاتی کمیٹی کو ختم کرکے نئی ٹیم تشکیل دی جائے جس میں پالپا،ائیر بس، پائلٹس کی عالمی تنظیم اور انٹرنیشل سول ایوی ایشن کے نمائندوں کو شامل کیا جائے۔

سعید غنی کا کہنا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو تحقیقات میں ضرور شامل کریں لیکن سول ایوی ایشن کو بھی کریں جو ائیر پورٹ کے اطراف تعمیرات کی اجازت دیتا ہے۔

یاد رہے کہ 22 مئی کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی آنے والا طیارہ رن وے سے چند سیکنڈ کے فاصلے پر آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 97 افراد جاں بحق جب کہ دو افراد معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

مزید خبریں :