ریڈیو پاکستان کے2 ملازمین کا ایک ہی دن کورونا وائرس سے انتقال

ریڈیو پاکستان کے 2 ملازمین ایک ہی دن کورونا وائرس سے انتقال کر گئے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق ادارے کے دو ملازمین سینئر براڈ کاسٹ انجنیئر محمد اشفاق اور خاتون اردو نیوز کاسٹر ہما ظفر کورونا وائرس میں مبتلا ہوکر خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔

 ریڈیو پاکستان کے مطابق سینئر براڈ کاسٹ انجنیئر محمد اشفاق مستقل ملازم اور انتہائی قابل شخص تھے جب کہ خاتون اردو نیوز کاسٹر ہما ظفر کنٹریکٹ پر گزشتہ 20 برس سے ریڈیو پاکستان سے منسلک اور پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن میں اردو خبریں پڑھ رہی تھیں۔

ہما ظفر نے بیرون ملک سے نفسیات میں پی ایچ ڈی کر رکھی تھی وہ راولپنڈی کے ایک کالج میں سینئر پروفیسر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی تھیں۔

اطلاعات و نشریات کے وفاقی وزیر شبلی فراز، سیکرٹری اطلاعات اکبر حسین درانی اور ڈی جی ریڈیو پاکستان امبرین جان نے دونوں ملازمین کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں :